وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات، 5 اگست کو یوم استحصال کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

192

 

مظفر آباد ، 3 اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیر کو آزاد کشمیر کا دورہ کیا  اور وزیراعظم ہاﺅس میں   وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے  ملاقات  کی ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور 5 اگست کویوم استحصال کے لائحہ عمل کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے مسلسل جبرو استبداد اور دباؤ کے باوجود 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو تمام کشمیری مسترد کر چکے ہیں، مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نہتے کشمیری دنیا کی چوتھی بڑی فوجی قوت کا ڈٹ کرمقابلہ کر رہے ہیں، پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے بے مثال مظاہرے پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کا دنیا بھر میں واحد وکیل ہے۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل مملکت خداداد پاکستان سے وابستہ کیا ہوا ہے۔ وزیر خارجہ کے اعلیٰ سطح کے وفد کے لائن آف کنٹرول اور آزادکشمیر دورے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں اس سے آزادکشمیر کے اس پار مثبت پیغام گیا۔

وی این ایس،مظفرآباد