اور، 14 اگست (اے پی پی): یوم آزادی کی مناسبت سے صوبائی سطح پر مرکزی تقریب پولیس لائن پشاور میں منعقد ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وزیر اعلی نے پولیس لائن کے لان میں پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کیا،جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی نے پوری قوم خصوصاً خیبر پختونخوا کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برِصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدو جہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے جس کی سلامتی اور تعمیر و ترقی اس ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس مقصد کے لئے ہمارے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا، موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس طرح سے خیبر پختونخوا کو امن کا گہوارہ بنایا ہے، اسی طرح ہم اس صوبے کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بنائیں گے جس کے لئے پہلے ہی سے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔
درین اثنا وزیر اعلیٰ نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور اور دیگر اعلی سرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔











