پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا ضلع دادو  کا دورہ ، نئین گاج کے پانی سے متاثرہ  علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا

144

کراچی،09اگست(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ضلع دادو کے علاقہ جوہی پہنچ گئے جہاں انہوں نے نئین گاج کے پانی سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات  کی  اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کاچھو میں ایف بی بند کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والا پانی نئین گاج سے منچھر جھیل جاتا ہے،کئی مقامات پر نئین گاج میں شگاف کی وجہ  سے محتلف گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل سندھ حکمرانوں نے پتہ بھی نہیں لگایا کہ اس بار پانی زیادہ آئیگا اور ایسی سیلابی صورتحال ہوگی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سیلاب کے آنے سےگزشتہ روز علاقہ مکین درختوں پر چڑھ کر  مدد مانگ رہے تھے،  انتظامیہ تاحال نہیں پہنچی ہے، عوام بے یارو مددگار ہے،  یہ وزیر اعلی کا اپنا حلقہ ہے لیکن یہاں پر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلام پیش کرتے ہیں افواج پاکستان کو جن کی ٹیمیں گزشتہ روز سے پہنچی ہوئی ہیں،فوج کے جوان علاقہ مکینوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچا رہی ہیں جبکہ کھانے پینے کی چیزیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

 پی ٹی آئی مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر  نے کہا کہ ایف بی بند کی پچنگ کے پتھروں کو اٹھاکر شگاف بند کرنے کی کوشش کی جارہی، اس سے ایف بند کو  کمزور کیا جارہا ہے تاکہ مزید شگاف پڑیں،پانی سے دو سو سے زائد دیہات پہلے ہی زیر آب آچکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شگاف پر نہ کئے گئے تو پانی جوہی شہر تک جاسکتا ہے جس سے مزید نقصان کے خدشات ہیں۔

 حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ کو اس وقت پی ایم ڈی اے اور دیگر اداروں سمیت یہاں اپنے حلقے کی عوام کی مدد کو پہنچنا چاہئے تھا۔

وی این ایس ، کراچی