چترال،27 اگست (اے پی پی ): ضلع اپر چترال کو جانے والی واحد سڑک ریشن کے مقام پر پختہ پل سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو گیا ہے جس کے باعث ضلع اپر چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے ۔ ریشن پل حال ہی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق پشاور سڑک کو کھولنے کیلئے مشنری بھیج دی گئی ہے اور بہت جلد ٹریفک بحال کر دی جائے گی ۔
پشاور جانے والا سڑک بھی لواری سرنگ سے لیکر برا ڈام تک تین مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ سیلاب کے باعث سڑک پر پہاڑوں سے ملبہ اور پہاڑی تودے گرے ہیں۔ چترال گول نالہ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
حکام کے مطابق وادی کیلاش کے رمبور گاؤں میں بھی سیلاب نے تباہی مچادی جہاں چار مکانات کو سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے اور راستہ بھی بند ہو گیا ہے ۔
ضلع اپر چترال میں بونی، چرون، زئیت، ریشن اور بریپ کے مقام پر بھی سیلاب ہے جبکہ لوئر چترال میں جنجیریت کوہ، شیشی کوہ، ارسون، برنس، براڈام عشریت، رمبور وغیرہ میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔ تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔گرویر گول نالہ میں سیلاب کی وجہ سے پن بجلی گھر سے علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔











