کپاس کی پیداواری ہدف کے حصول کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے: ایڈیشنل سیکرٹری زراعت رانا علی ارشد

113

ملتان ،  11 اگست(اے پی پی ):ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) رانا علی ارشد نے کہا ہے کہ صوبہ میں کپاس کی پیداوارکے ہدف کے حصول کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ مارکیٹ میں معیاری زرعی زہروں و کھادوں کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کپاس کی بہتر نگہداشت اور پیداواری ہدف کے حصول کیلئے منعقدہ کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) نے مزید کہا کہ جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کے تحت صوبہ بھر میں اس سال  کے دوران مختلف کارروائیوں میں 54ہزار 754کلو گرام /لٹرز جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات قبضہ میں لے کر بطور مال مقدمہ حوالہ پولیس کی گئیں، قبضہ میں لی گئیں ان جعلی و غیر معیاری زرعی ادویات کی کل مالیت کا تخمینہ تقریباً ساڑھے 8کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران 158چھاپے مارے گئے اور 158 ہی ایف آئی آرز کا اندراج کراکے 92ملزمان کو موقع سے گرفتار کروایا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نے کہا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈویژنل سطح پر ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ہر ڈویژن کے موسمی حالات ودیگردستیاب وسائل کے مطابق سفارشات مرتب کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون اشد ضروری ہے۔

 اجلاس میں مارکیٹ میں معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی، زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کی فراہمی، نہری پانی کی دستیابی، موسمی صورت حال، کیڑوں اور بیماریوں کے حملے، فصل کی بڑھوتری و دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرلز زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈاکٹر عابد محمود، چیف انجینئر انہار خالد بشیر، ڈائریکٹرز ڈاکٹر زاہد محمود، ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر محمد اسلم، نوید عصمت کاہلوں، محکمہ انہار کے افسران سمیت پی سی جی اے،پی سی پی اے، کراپ لائف کے نمائندوں اور کاشتکاروں چوہدری محمد انور، سید حسن رضا، میڈم رابعہ سلطان اور محمد سلیم ارائیں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اے پی پی /ملتان/حامد