گلگت ، 28 اگست (اے پی پی):گلگت بلتستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ان بارشوں کی وجہ سے قراقرم ہائی وے لال پڑی اور دیامر کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند ہوگئی ہے۔
ترجمان جی بی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی زبیر احمد کا کہنا ہے کہ ان بارشوں کی وجہ سے لال پڑی گلگت کے مقام پر ایک ٹرک لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور درختوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شاہراہ کو کھولنے کے لئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بلتستان ڈویژن کے مختلف اضلاع سے موصولہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق رواں بارشوں نے ضلع شگر کے بالائی علاقوں باشہ ، تسر اور داسو میں سیلاب نے تباہی مچادی۔ متعدد علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے،جبکہ کھڑی فصلوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بین میں آنے والے سیلاب نے فصلوں اور درختوں کو نقصان پہنچایا جبکہ واٹر چینل بھی تباہ ہوگئے۔ ڈوغڑو میں سیلابی پانی گاوں میں داخل ہونے سے کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سکردو شگر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر غفران بیگ کے مطابق ان کی مشینری اور ورکرز علاقے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔جی بی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے اس دفعہ پورے ملک میں سب سے کم بارش گلگت بلتستان میں ہوئی جس کی وجہ سے مجموعی طور پر کم نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اے پی پی /سلطان شعیب/نورین











