گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جناح ہسپتال لاہور میں پناہ گاہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

168

لاہور،26 اگست (اے پی پی ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بدھ کے روز جناح ہسپتال لاہور میں پناہ گاہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پناہ گاہ ایل ایچ ایس کے زیر اہتمام تیار کی جائے گی۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے  ہوئے گورنر پنجاب  کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے نیک کام میں حصہ لیا ہے، انشاءاللہ عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔  انہوں   نے کہا کہ نیک کام کو پورا کرنے میں میری پوری سپورٹ ایل آئی ایچ ایس کے ساتھ ہوگی۔

  چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران تمام تر خدمات کا کریڈٹ بھی مخیر حضرات اور این جی اوز کو ہی جاتا ہے،فخر ہے کہ راشن تقسیم کرنے کے تین لاکھ کے ٹارگٹ کو ہم 15 لاکھ تک لے کر گئے۔زلزلہ، سیلاب یا کسی بھی آفت کے وقت پاکستان کے مخیر حضرات نے عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اپوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی بھی تحریک کے لیے جماعتوں کے درمیان ایک نظریہ کا موجود ہونا ضروری ہے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے آپس میں اختلافات ہیں۔پاکستان کی بہتری اور فلاح پہلے جبکہ پارٹیوں کے مفادات بعد میں آتے ہیں۔