ہماری حکومت نے دیر کے لیے مواصلات کے بڑے پراجیکٹس کی منظوری دی ہے: کامران بنگش

135

پشاور، 10اگست(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ سوات موٹروے فیز ٹو کو کچھ لوگ متنازعہ بنا رہے ہیں لیکن دیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔

  کامران بنگش اطلاعات سیل میں پریس بریفنگ سے خطاب کررہے تھے جسمیں دیر کے ممبران صوبائی و قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

کامران بنگش نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جنوبی اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چکدرہ ٹو دیر موٹروے کی منظوری بہت پہلے دی تھی اور آج وزیراعلی نے  اصولی طور پر چکدرہ ٹو دیر موٹروے فیزیبلٹی کی منظوری دے دی ہے جسکی تین مہینے کے اندر اندر فیزیبلٹی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کے متعلق منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے مگر عوام کسی بھی منفی پراپیگنڈا میں نہ آئیں۔

کامران بنگش نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دیر کے عوام کے ساتھ چکدرہ ٹو دیر موٹروے کے نام پر ڈرامہ کیا مگر اب چکدرہ ٹو چترال موجودہ روڈ کی توسیع و بحالی پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی 230 کلومیٹر روڈ کی بحالی کا کام مکمل کرے گی۔

کامران بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ چکدرہ ٹو دیر موٹروے کا سوات ایکسپریس وے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ سوات ایکسپریس وے اور چکدرہ ٹو دیر موٹروے دونوں الگ الگ منصوبے ہیں۔

 کامران بنگش نے کہا کہ ہماری حکومت نے دیر کے لیے مواصلات کے بڑے پراجیکٹس کی منظوری دی ہے اور اب ایگزم بینک کے ساتھ مل کر 230 کلومیٹر روڈ کو بحال کر رہے ہیں۔

کامران بنگش نے میڈیا بریفنگ کے ذریعے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ کسی بھی علاقے کو پسماندہ نہیں رکھا جائے گا۔ وزیراعلی نے منتخب نمائندگان کے ساتھ مل کر چکدرہ ٹو دیر موٹروے کی اصولی منظوری دی ہے اور اب ان مذکورہ منصوبوں سے دیر میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

صائمہ حیات/فاروق