یوم آزادی  پاکستان؛ پاکستانی  سفارت خانہ سوڈان   میں پرچم کشائی کی تقریب

314

خرطوم (سوڈان)، 14(اے پی پی ): پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کو منانے کے لئے  جمعہ  کو  یہاں پاکستانی  سفارت خانے  میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا   گیا ، تقریب میں خرطوم اور اس سے ملحقہ شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر سوڈان کےقابل ذکر افراد اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

تقریب  میں    یوم  آزادی   کی  مناسبت  سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھے گئے۔ پاکستان کے سفیر سرفراز احمد خان سپرا  نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سوڈان  کے ساتھ پاکستان کے عمدہ تعلقات کی نشاندہی کی اور زندگی کے تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ھوۓ کہا کہ پاکستان    سوڈان  کے عظیم عوام کی امنگوں کے مطابق سوڈانی حکومت کی نیا سوڈان بنانے کی عظیم کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

 سفیرِ پاکستان نے پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ سوڈان کی تیزرفتار سماجی و معاشی ترقی کے لئے زیادہ لگن  کے ساتھ کام کریں اور پاک سوڈان تعاون اوردوستی کو مزید فروغ دینےمیں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کو “آبادکاری استعمار” کے مذموم مقاصد سے باز رکھے اورفوجی محاصرے کو ختم کرواۓ۔ شرکاء اور سفیرِ پاکستان   نے ہندوستان کو متنبہ کیا کہ ان کا کشمیریوں سے خوداردیت سےانکار ہندوستان کی خود اپنی یقینی تباہی کا باعث بنے گا۔

 پاکستانی اور سوڈانی  شرکاء   نے مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJ&K) کے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئےاس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اور پاکستان انتہائی  ثابت قدمی سے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کے لئے تمام سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔

 شرکاء  نے کشمیریوں کی حالت زار پر اپنے رنج و تکلیف اور بہادر کشمیری عوام کے منصفانہ مقاصد  کے ساتھ اپنی اٹل وابستگی کا اظہار کرنے  کے لئے انسانی ہاتھوں  کی زنجیر بنائی  ۔ شرکاء  نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق  کے لیے ایک متفقہ قرارداد منظور کی جس کا عنوان “مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستانی فوج کےسفاکانہ اورغیرانسانی محاصرے کا ایک سال” تھا۔ یہ قرارداد 16 اگست 2020 کو خرطوم میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کےحوالےکی جائے گی۔