بی آر ٹی  منصوبہ یوم آزادی پر صوبے کے عوام کو بہت بڑا تحفہ ہے: شوکت یوسفزئی

97

پشاور، 14اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہےکہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ بی آر ٹی کا منصوبہ یوم آزادی پر صوبے کے عوام کو بہت بڑا تحفہ ہے، انشاءاللہ سرکلر ریلوے کا منصوبہ ہمارا اگلا ہدف ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہمارے پاس بہادر اور دلیر فوج ہے دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔اسی طرح اللہ تعالی نے پاکستان کو مخلص قیادت دی ہے۔

شوکت یوسفزئی  نے کہا کہ پاک چین دوستی کی کوئی مثال نہیں چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے ۔وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخواہ صوبہ ترقی میں سب سے آگے ہے۔

 شوکت یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان، بلاول زرداری بھٹو اور مریم نواز کو بی آر ٹی پر سفرکرنے کی دعوت بھی دی۔صوبائی وزیر نے چینی سفیر یاؤ جنگ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی ،پاکستان کا جدید ترین ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے۔