ایس کے ایس بیس بال اکیڈمی کا   افتتاح ملتان کرکٹ گراونڈ نواں شہر میں    کر  دیا   گیا

0
195

ملتان ،21 ستمبر(اے پی پی ): پاکستان بیس بال فیڈریشن کے  صدر سید فخر شاہ نے   ایس کے ایس بیس بال اکیڈمی کا   افتتاح ملتان کرکٹ گراونڈ نواں شہر میں    کر  دیا  ہے ۔ افتتاحی  تقریب سے  خطاب  میں   انہوں نے   کہاکہ  ہمیشہ ملتان کے کھلاڑیوں نے بیس بال میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے بل بوتے پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہیں،یہاں اکیڈمی کے قیام سے اس خطہ کے نوجوانوں کو بہترین تربیت حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی اس اکیڈمی سے انڈر 12 و دیگر مقابلہ جات کے لیے بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے۔

سید فخر شاہ نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تمام کھیلوں کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن جیسے ہی حالات ساز گار ہونگے تو ملتان میں دوسری نیشنل بلائنڈ بیس بال چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم نے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملتان میں بیس بال کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈی ایس او عدنان نعیم نے کہا کہ ملتان میں جو بھی بیس بال کا ایونٹ کرایا جائے گا ،ہمارا ڈیپارٹمنٹ بھرپور تعاون کرے گا۔

تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سید فخر شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے پچنگ کرکے اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔