بورےوالا ،22 ستمبر(اے پی پی ): نواحی گاوں 142 ای بی میں آل پنجاب نثار شہید فلڈ لائٹ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلا گیا یہ فائنل میچ سات(7)چک لاہوریاں ساہیوال اور شیر پنجاب کبڈی کلب 142/ ای بی کے مابین کھیلا گیا ،جو شیر پنجاب کبڈی کلب نے 26 کے مقابلہ میں 30 پوائنٹ سے جیت لیا،میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے قومی کبڈی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا ۔
پنجاب کا یہ روائتی کھیل دیکھنے کے لئے شائقین کی کثیر تعداد گروانڈ میں موجود تھی ،فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر نصر اقبال نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ مین آف دی میچ کو موٹر سائیکل کا انعام دیا گیا۔
مہمان خصوصی کا کہنا تھاکہ کبڈی پنجاب کا روائتی کھیل ہے اس روائتی کھیل کو بچانے کیلیے ٹورنامنٹس کا انعقاد کروانا بہت ضروری ہے ،اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف راغب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے گراونڈ آباد ہونگے تو ہسپتال ویران ہونگے۔