امن ،رواداری اور محبتوں کو فروغ دینے  کیلئے  صوفیاءکرام اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیراہونا ضروری ہے:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

123

ملتان ،23 ستمبر (اے پی پی):وزیرخارجہ اور دربارعالیہ حضرت بہاؤالدین زکریاملتانی کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ ملک میں امن ،رواداری اور محبتوں کو فروغ دینے کے لیے صوفیاءکرام اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیراہونا ضروری ہے۔

 ان خیالات کااظہار وزیرخارجہ نے بدھ کو یہاں برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاءالدین زکریاملتانی سہروردی کے تین روزہ 781ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر قومی زکریاکانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت پاکستان کے دشمن اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتاہے۔ہمیں دشمن کی سازشوں کوسمجھنا چاہیے اور متحد ہوکر ہمیں ان سازشوں کامقابلہ کرناہوگا۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بہت جلد تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگ دوردراز علاقوں سے اپنا آرام چھوڑ کر روحانی سکون حاصل کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہیں محبت کاجو بوسہ یہاں سے ملتا ہے وہ کہیں اور سے نہیں ملتا۔

 وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں کسی کے عقیدے کو نہیں چھیڑنا چاہیے، عقائد کا احترام صوفیاءکرام کی تعلیمات کا مرکزی نقطہ ہے۔ انہوں نے زائرین پر زور دیا کہ کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے لیے اپنا کرداراداکریں۔

قبل ازیں انہوں نے حضرت بہاءالد ین زکریا کے مزار کو غسل دیکر عرس کی تقریبات کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر مخدومزادہ زین قریشی، سجادہ نشین دربارچادروالی سرکاری سید علی حسین شاہ، معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، ڈپٹی کمشنرملتان عامرخٹک اور معروف صنعتکار جلال الدین رومی بھی موجودتھے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔