اپنے چار سالہ دور کے دوران شہر میں پینے کی پانی کی سپلائی تین گنا بڑھادی :  میئر ارسلان شیخ

131

سکھر، 12 ستمبر ( اےپی پی): سکھر کے میئر ارسلان شیخ نے بلدیاتی مدت ختم ہونے کے پندرہ دن بعد اپنے زیر استعمال سکھر میونسپل کارپوریشن کی اشیاء اور آفس کی چابیاں صحافیوں کی موجودگی میں میونسپل ایڈمنسٹریٹرنثار احمد میمن کے حوالے کردیں اورپریس کانفرنس کرتےہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اپنے چار سالہ دور کے دوران شہر میں پینے کی پانی کی سپلائی تین گنا بڑھادی ہے

اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ چار سالہ دور میں شہر میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی نکاسی آب کے لیے پنتالیس ہزار فٹ کی لائن ڈلوائی ہے بیالیس ہزار فٹ تک کا کام مکمل ہوچکا ہے باقی ماندہ کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ چھبیس کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی کے کام شروع کیے اور اس مسئلے کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حلف لیا تھا تو اس وقت مشکلات تھیں دفتر تک نہ تھا ہم نے جو بھی پالیسی بنائی مشاورت سے بنائی خورشید شاہ ہمارے بڑے ہیں ان  سے ہمارے اختلاف کی باتیں نےبنیاد ہیں ان کا کہنا تھا کہ سکھر شہر کے چوراہوں کی تعمیر نو اور خوبصورتی کے لیے چھ کروڑ روہے خرچ کیے پارکس کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے چھ کروڑ روپے خرچ کیے اسٹریٹ لائٹس کی بہتری پر سات کروڑ روپے کے اخراجات کیے ۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے چار سالہ دور میں سکھر کے شہریوں کی بھرپور خدمت کی وسائل کے مطابق ان کے مسئلے حل کرنے کی کوشش کی اور اگر آئندہ بھی موقعہ ملا تو شہریوں کی بھرپور خدمت کروں گا۔