ملتان،02 ستمبر(اے پی پی ): حضرت غوث بہالدین زکریا ملتانی کے781ویں عرس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں ، تین روزہ عرس 24 ستمبر سے26 ستمبر تک منایا جائے گا،انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان،ایس پی سٹی جاوید خان سمیت زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا طارق ،ڈاکٹر صدیق خان قادری اور شاہد مظفر بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ہدایت اللہ خان نے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے آنیوالے زائرین کے لئے مثالی انتظامات کئے جائیں ،زائرین کی رہائش کے بھر پور انتظامات کئے جائیں گے اورعرس کے موقع پر ٹریفک رواں رکھنے کے لئے متبادل ٹریفک پلان تشکیل دیا جا رہا ہے ۔
اے ڈی سی ایف اینڈ پی نے کہا کہ میپکو عرس کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے جنریٹر کے اسٹینڈبائی انتظامات کرےریسکیو1122 اور محکمہ صحت قلعہ کہنہ قاسم باغ پر خصوصی کیمپ لگائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کے رضاکار سیکیورٹی کے لئے پولیس کی مدد کریں گے ۔
سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عرس کے موقع پر صفائی کا خصوصی پلان تیار کیا ہے، صفائی کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا جائے گا زائرین کی رہائش گاہوں میں ڈینگی کا سپرے کیا جائے گا،قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف میں بھر پور صفائی کی جائے گی، زائرین کی رہائش گاہوں پر بھی صفائی کے انتظامات کئے جائیں گی ۔
ایس پی جاوید خان نے کہا کہ عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف اتظامات کئے جائیں گے،محکمہ اوقاف کے سیکیورٹی گارڈز کو بھی ٹریننگ دی جائے گی











