روڈ حادثات میں کمی لانے کے لئے ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی سربراہی میں میٹنگ کا انعقاد

135

سکھر۔26ستمبر(اے پی پی ): آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی ہدایات پر روڈ حادثات میں کمی لانے کے لئے ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی سربراہی میں ایس ایس پی آفس موٹر وے سکھر میں سیکٹر سکھرکے تمام ڈی ایس پیز اور آپریشنل اسٹاف کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں موٹر وے پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے میٹنگ میں تمام ڈی ایس پیز کو ہدایات کیں کہ اپنے اپنے بیٹ میں اگلے 15روز کے لئے کار کیریئر اور کنٹینر کے ڈرائیوروں کو قانون کے مطابق لمبائی رکھنے کی آگاہی مہم چلائی جائے اور 15 دن کے بعد قانون کے مطابق مقررہ لمبائی پر عملدرآمد نہ کرنے والے ان ڈرائیور حضرات کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، میٹنگ میں ایس ایس پی موٹر وے نے مزید کہا کہ روڈ حادثات میں کمی لانے کے لئے مسافر بسوں اور گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، خصوصاً اوور اسپیڈ اور اوور لوڈنگ کرنےوالے ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ان بھاری جرمانے عائد کئے جائیں ، جبکہ دن اور رات کے اوقات میں اسپیڈ چیکنگ کیمرے کی مدد لی جائے تاکہ روڈ حادثات پرمزید قابو پایا جاسکے۔

 ایس ایس پی موٹر وے نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہائی وے پر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف خصوصاً رات کے اوقات میں بیک لائیٹ نہ ہونے کی صورت میں سخت ایکشن لیں اور وقتاً فوقتاً آگاہی دیں کہ دوران ڈرائیونگ بیک لائیٹ کا نہ ہونا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ میٹنگ میں ایس ایس پی موٹر وے کا مزید کہنا تھا کہ موبائل ایجوکیشن کے ذریعے پورے سیکٹر میں روڈ سیفٹی کے بارے میں پروگرام منعقد کیے جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی وے اور موٹر وے پر مسافروں کی ہر ممکن مدد کی جائے، خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا جائے اور ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔