سربراہ پاک بحریہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

132

اسلام آباد، 29 ستمبر ( اےپی پی): سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آج ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا  استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔نیول چیف  نے وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ  دینے والے  پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے  یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

بعد ازا ں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔دونوں سربراہان نے اس موقع پر خطے کی دفاعی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائیر چیف نے حالیہ  برسوں میں پاکستان نیوی کی طرف سے شروع کئے گئے خود انحصاری کے مختلف منصوبو ں کی تعریف کی جن کی بدولت پاک بحریہ  ایک طاقتور دفاعی قوت بن چکی ہے۔ ائیر چیف نے دونوں افواج کے مابین موجود ہم آہنگی کو مزید بڑھانے اور اسے نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر امیر البحر نے سمندری سرحدوں کے دفاع کو مستحکم بنانے کیلئے پاک فضائیہ کے ہر ممکن تعاون کو سراہا۔