سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے میگا پراجیکٹ کو حتمی شکل دے دی گئی: عثمان ڈار

125

سیالکوٹ، 13ستمبر(اےپی پی): معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے اُمور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے میگا پراجیکٹ کو حتمی شکل دے دی گئی، شہر کی آئندہ30سے40سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نیسپاک کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں ، شہر کی ماسٹر پلاننگ کرلی گئی اور آئندہ 2ماہ میں مجوزہ منصوبے پر کام کا آغاز کردیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے مشینری ، گاڑیوں اور آلات کی فراہمی، لینڈ فل سائیٹ کی تعمیر، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور پارکوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر اقبال کے 10لاکھ باسی براہ راست مستفید ہونگے یہ منصوبے حقیقی معنوں میں گیم چینجرز ہونگے شہر میں میونسپلٹی کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور میونسپل سہولیات کے معیار میں بہتری سےشہریوں کا معیار ِزندگی بھی بلند ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میںحکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک اشتراک سے پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران کہی ۔

صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے خطاب کرتے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نیسپاک کے ماہرین کو ہدایت کی کہ وہ سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کے آغاز سے اختتام تک مقررہ ٹائم لائن کا خیال رکھیں تاکہ شہریوں کو ان منصوبوں کی تعمیرات کے دوران کم سے کم آمدروفت و دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت منصوبوں کی مانٹرنگ ہفتہ وار ڈی سی آفس میں کی جائے گی جبکہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ سمیت متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے میکنیزم تشکیل دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو شفاف طریقے سے معیار کو یقینی بناتے ہوئے جلد از جلد مکمل کرنا ہے تانکہ شہری ان منصوبوں سے عرصہ دراز تک استفادہ حاصل کرسکیں ۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بابر اعوان بابر اور کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب سیالکوٹ کو سمارٹ سٹی بنانے کیلئے اربوں روپے خرچ کرنے جارہا ہے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز، ایگزکیوایشن ایجنسیز، ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کارپوریشن اور سالٹ ویسٹ کے حکام کو ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا تانکہ شہری حکومت پنجاب کی اتنی بڑی انوسٹمنٹ کا بھرپور فائدہ حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ کو سمارٹ ڈسٹرکٹ بنانے کیلئے ہیو مین ریسورس مینجمنٹ، فنانشل مینجمنٹ ، ای بڈنگ ، ای آکشن ، سرکاری اراضی کی میپنگ سمیت 12انشیٹیو پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید کی نگرانی میں تمام ادارے کام کریں گے اورپنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کو پایہ ءتکمیل تک پہنچانے کے ذمہ دار ہونگے ۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید نے کہاکہ سیالکوٹ شہر میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کیلئے مطلوبہ اراضی فراہم کی جائے گی اور ان منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ان میگا پراجیکٹ کے بارے میں شہریوں کو ہر طرح سے باخبررکھا جائے گا۔ جبکہ شہریوں کے مسائل کے روزانہ کی بنیاد پر شکایات کے ازالہ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام منصوبوں کے آغاز سے قبل متبادل ٹریفک پلان اورشہریوں کی رہنمائی کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبے اپنی مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کئے جائیں گے ۔

پروگرام ڈائریکٹر پنجاب انٹر سٹیز امپپروومنٹ پروگرام سقراط امان رانا نے منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین ویژن کو مد نظر رکھتے ہوئے سیالکوٹ میں پارکس کی بحالی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،عبدالحکیم پارک کا کام 65 فیصد، لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک ماڈل ٹاؤن کا کام 61 فیصد، سیالکوٹ قلعہ سبززارپارک کا کام 67 فیصد اور گلشن اقبال پارک کا کام 40 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔اس کے علاوہ کوڑا کرکٹ کو محفوظ طریقہ سے تلفی کے لئے 24 منی ڈمپرز اور 15 ڈی واٹرنگ سیٹ پہلے ہی فراہم کئے جا چکے ہی جس پر 576 ملین روپے لاگت آئی ہے مزید برآں 2119 ملین روپے سیویج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیںجس کا ڈیزائن مکمل کیا جا چکا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور کاروباری عمل اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئےگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام سیالکوٹ کی ترقی میں لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک اہم پراجیکٹ ہے انہوں نے مزید کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے متعلقہ محکمے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق ، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بابر اعوان بابر، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید ، ڈی پی او کیپٹن(ر) مستنصر فیروز، پروگرام ڈائریکٹر پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام سقراط امان رانا، ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر عمران علی،چیف انجینئر ڈاکٹر جاوید اقبال،جی ایم نیسپاک محمد زبیر، اے ڈی ای ریونیو میر محمد نواز, ایم ڈی سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کریم بخش اورسی او ایم سی ایس فیصل شہزاد بھی موجود تھے جبکہ بذریعہ وڈیو لنک سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ اجلاس میں شریک ہوئے ۔