بین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے دو خطرناک ملزمان چارسدہ میں گرفتار۔10 گاڑیاں اور 8 لاکھ نقدی برآمد۔

99

چارسدہ، 13ستمبر (اے پی پی): تنگی پولیس نے بین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے دو ملزمان گرفتار کرلئے جو ملک کے مختلف اضلاع کو چوری، قتل و اقدام قتل اغواکاری اور دیگر 50 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔

ضلع چارسدہ کے تنگی پولیس سٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی انوسٹیگیشن افتحار شاہ نے کہا کہ ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان نے علاقہ تھانہ تنگی کی حدود میں پے در پے مختلف گاڑیاں چوری ہونے کی رپورٹ پر ایس پی انوسٹی گیشن افتخار شاہ کی سربراہی میں ڈی ایس پی تنگی خالد خان، ایس ایچ او تھانہ تنگی مسعود خان، ایس ایچ او تھانہ مندنی فواد خان اور انوسٹی گیشن افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر کارلفٹر گروہ کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا ہدف دیا۔

ٹیم نے مختلف زاویوں اور جدید سائنسی خطوط پر کاروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے چوری کی 10 گاڑیاں اور 8 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلئے۔

ملزمان ضلع اٹک، پشاور، ملاکنڈ، صوابی، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، بنوں، چارسدہ کو چوری قتل و قدام قتل، اغواکاری، کارلفٹنگ اور دیگر 50 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے جنھوں نے دوران انٹاروگیشن اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔