فرانسیسی میگزین  کیجانب  سےگستاخانہ خاکے شائع کرنے سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں؛ شاہ محمود قریشی

102

اسلام آباد ، 3 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈوکی پر زور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ میگزین کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

جمعرات کو ایک وڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ میں اپنی طرف سے اور حکومت پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو ،کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔ان کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے  ہیں   اور  لوگ مشتعل ہیں، اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی، اور زینوفوبیا کا رحجان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی اس معاملے کی نشاندہی کی اور دنیا سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے۔بین الاقوامی سطح پر، مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے رحجانات کو کیسے روکا جائے جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں،اور ان کے خلاف بند کیسے باندھا جائے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے ہم آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں لیکن آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور اس مسئلے کا تدارک کرے گی اور ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرے گی۔حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ہم نے اپنے جذبات، حکومت فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دیے ہیں۔

وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ نہ صرف ایسی گستاخانہ حرکت نہ دہرائی جائے بلکہ جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے۔