بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو مرتب کرنے کے عمل کو تیزکرنے، اس بارے پیش رفت پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

92

اسلام آباد ، 30 ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ صوبہ سندھ میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جس کے نتیجے میں 38لاکھ مربع فٹ رقبے پر تعمیرات ہوں گی۔ ان تعمیرات کی لاگت 13.8ارب روپے ہے اور اس کے نتیجے میں تیس ارب کی معاشی سرگرمی پیدا ہوں گی۔ وزیرِ اعظم کو ملک کے تین بڑے شہروں ( کراچی، لاہور اور اسلام آباد) میں رجسٹر مال گزاری (کیڈاسٹری) خصوصاً سرکاری اراضی کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ چئیرمین ایف بی آر نے ایف بی آر میں تعمیرات کے حوالے سے ریجسٹرڈ منصوبوں اور آئی آر ایس پورٹل کے ذریعے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ افراد کی سہولت کاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان بشمول چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے صوبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، منظور شدہ منصوبوں، زیر غور منصوبوں اور نظام کوآن لائن بنانے اور اس میں انسانی مداخلت کم سے کم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے تمام چیف سیکرٹری صاحبان اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان کو ہدایت کی کہ منظور شدہ رہائشی منصوبوں کی معلومات کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹس پر موجودگی اور اس معلومات کی روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں رہائشی منصوبوں میں دلچسپی لینے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو مکمل طور پر باخبر رکھا جائے وہاں رہائشی کالونیوں کے نام پر ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر منظور شدہ منصوبوں کے بارے میں معلومات کی بھی باقاعدگی سے تشہیر کی جائے تاکہ عوام کو باخبر رکھا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو مرتب کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور اس حوالے سے پیش رفت پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ تعمیراتی شعبے کی سہولت کاری کے حوالے سے ڈیجیٹل پورٹل کے قیام کو رواں ماہ کے وسط تک مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کا فروغ معیشت کے استحکام اور معاشی عمل کے فروغ میں کلیدی کردار کا حامل ہے لہذا حکومت اس شعبے کے فروغ کے حوالے سے پرعزم ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس میں بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو مرتب کرنے کے عمل کو تیزکرنے، اس بارے پیش رفت پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت

اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سید ذوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر شہباز گل، چئیرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، گورنر سٹیٹ بنک ، چئیرمین ایف بی آر، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران شریک جبکہ تمام چیف سیکرٹری صاحبان اور آباد کے نمائندگان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں رجسٹر مال گزاری (کیڈاسٹری)،سرکاری اراضی کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔