ملتان:بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق انتظامات کا جائزہ اجلاس

149

ملتان،10ستمبر(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر  ہیڈکواٹر رانااخلاق احمد خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیاکہ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر،ریٹرنگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسرز کی تعیناتی کے لئے فہرستیں مکمل کر لی گئیں ہیں ،ضلع کے سکیل1 سے 17 کے ملازمین کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر رانااخلاق احمد خان نے ملازمین اور افسران کا تمام ڈیٹا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن آفس کے حوالے کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز پولنگ اسٹیشنز کے قیام کے لئے سرکاری عمارتوں کا تعین کریں۔

اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ ایسی عمارتوں کا انتخاب کیا جائے جس میں بجلی اور پانی کی سہولت دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی تیاری کے وقت آبادی کے قریب ترین واقع سرکاری عمارتوں کو ترجیح دی جائے، مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کا ڈیٹا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو بھجوایا جائے گا۔

 رانااخلاق احمد خان نے کہا کہ شفاف بلدیاتی الیکشن کے لئے محکمہ تعلیم اور لوکل گورنمنٹ کا تمام انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں اے سی صدر شہزاد محبوب،اے سی شجاع آباد محمد زبیر اور اے سی جلالپور پیروالہ غلام سرورسمیت  ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے نمائندوں اور لوکل گورنمنٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔