چاغی:کار اور بس میں تصادم، چار افراد جاں بحق ،11 زخمی

146

چاغی،10ستمبر(اے پی پی):ضلع چاغی کے نواحی علاقے پدگ میں آر سی ڈی شاہراہ پر کار اور بس میں تصادم کے نتیجے میں کار ڈرائیور سمیت چار افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ہیں۔

 لیویز حکام کے مطابق  تفتان سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں کار میں سوار افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تاہم بس کے مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس حادثے میں جاں بحق  افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کرکے زخمیوں کو طبی امداد دی گئی جہاں تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے جو غیر قانونی طور پر ایران جارہے تھے۔

تحصیلدار سعید احمد زہری نے “اے پی پی” کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق  افراد کی شناخت وقاص ولد جمعہ خان سکنہ سیالکوٹ، فراد سکنہ لاہور، سدید علی ولد حضرت شیر سکنہ نارووال اور کار ڈرائیور عابد ولد منظور احمد سکنہ مستونگ سے ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیویز فورس حادثے کی تحقیقات کررہی ہے۔