ملتان ،06 ستمبر(اے پی پی): وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال، سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید اور سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران ادارہ کے تحت جاری تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور لگائے گئے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ بھی کیا۔ ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر صغیر احمد نے تحقیقی سرگرمیوں بارے مکمل بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹوٹ کے سائنسدانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سفید مکھی اور گلابی سنڈی کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کی دریافت میں تیزی لائی جائے تاکہ ان اقسام کو عام کاشت کیلئے جلد از جلد فیلڈ میں متعارف کرایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ان اقسام کو کاشتکاروں اور انڈسٹری کیلئے پرکشش بنانے کیلئے فائبر کوالٹی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کی حامل بنایا جائے۔
وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ میں کپاس کی بحالی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے کاٹن ریسرچ اسٹیشن ملتان کا درجہ بڑھا کر انسٹیٹیوٹ بنا دیا گیا ہے،کپاس کی نئی اقسام کی فاسٹ ٹریک پر منظوری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب نے ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر حمیداللہ کو کلین نرسری پلانٹس کے ہدف کے حصول کو یقینی بنانے اورباغبانوں کوسرٹیفائیڈ نرسری کے پودے فراہم کرنے کے بارےمیں ہدایات دیں۔
اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس) رانا علی ارشد، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر محمدانجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر،ڈاکٹر صغیر احمد، شہزاد صابر، نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔











