ملتان، 04 ستمبر (اے پی پی ): جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے کہا ہے کہ پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے شہر بھر میں مون سون سیزن کے دوران 1500 سے زائد درختوں کی شجرکاری کا فیصلہ کر لیا ہے،ان درختوں میں پلکن اور املتاس12 تا 14 سائز کے پودے شامل ہیں۔اس سلسلے میں پی ایچ اے نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہارڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے پارکوں اور گرین بیلٹس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں اور پارکوں میں مون سون شجرکاری بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہر کی شاہراہوں،چوکوں اور گرین بیلٹس پر شجرکاری کا آغاز کر دیا ہے۔یہ پودے شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پرلگائے جائیں گے جن میں سرکٹ ہاؤس،ابدالی روڈ ،حمزہ چوک و دیگر قابل ذکر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں شجرکاری کو بھرپور فروغ دیا جائے گا جبکہ مقامی درختوں کے ساتھ ساتھ دیگر درختوں کی شجرکاری بھی کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون شجرکاری کے لیے مربوط حکمت عملی کے مطابق شجرکاری کا آغاز کردیا ہے جبکہ ہارٹیکلچر ورک میں جدت لارہے ہیں۔دیگر پارکوں اور گرین بیلٹس پر بھی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق شجرکاری کرینگے، گرین بیلٹس اور پارکوں میں خوشگوار تبدیلی آرہی ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ ہارٹیکلچر ونگ کی از خود نگرانی کر رہا ہوں جبکہ ہارٹیکلچر ٹیم کے ہمراہ شہر کے پارکس میں عوام کو محدود وسائل کے باوجود بھرپور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔گرین بیلٹس اور پارکوں میں صفائی اور شجر کاری کو فروغ دینے کے لیے عوامی شعور کو اُجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شجر کاری میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں تاکہ شہر کو کلین اینڈ گرین بنانے کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔
یاد رہے کہ ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے اپنی نگرانی میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔











