واشنگٹن: یوم دفاع پر  پاکستانی سفارتخانہ میں تقریب ،افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو  خراج تحسین پیش کیا گیا

434

واشنگٹن ڈی سی،06 ستمبر(اے پی پی): پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن میں یوم دفاع پاکستان اور یوم شہدا کے حوالے سے پروقارتقریب کا انعقاد ہوا جس میں افواج پاکستان کی لازوال بہادری اور قربانیوں کو  خراج تحسین پیش کیا گیا۔

امریکہ میں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کو درپیش خطرات کے خلاف ،وطن عزیز کے دفاع میں پاکستانی عوام اور افواج کی جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج نے اندرونی و بیرونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 13 ملین مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں قید ہیں اور باقی دنیا سے منقطع ہیں، حق خود ارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹر اسد مجید خان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی امن کیلئےاپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر ڈیفنس اتاشی بریگیڈئیر کمال انور چوہدری نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع میں قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تقریب میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری پر مبنی مختصر دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں۔