وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی ملاقات

98

لاہور، 22ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے منگل کو یہاں  ملاقات کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے،  عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکہ نہیں دے سکتے۔اپوزیشن جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہیں۔  یہ عناصر ملک کو ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے، ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے جبکہ  نوٹیفائیڈ ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک کے حکام آٹے کی قیمتیں تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

 سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اے پی سی کے ذریعے اپوزیشن کی منفی سیاست آشکار ہو گئی ہے جبکہ اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔