وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے آسٹریا کیلئے نامزد پاکستانی سفیر آفتاب کھوکھرکی ملاقات

121

اسلام آباد ، 19 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے  آسٹریا کیلئے نامزد پاکستانی سفیر آفتاب کھوکھر نے ہفتہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے بطور سفیر نامزدگی پر آفتاب کھوکھر کو مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں تعیناتی کے دوران آفتاب کھوکھر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ نئی ذمہ داری ، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفیر کو حکومت کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔نامزد سفیر برائے آسٹریا آفتاب کھوکھر نے وزیر خارجہ کی طرف سے حوصلہ افزا کلمات اور خصوصی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔