وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چیئرمین پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات

114

اسلام آباد ، 15 ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چیئرمین پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر اشرفی نے منگل کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اتحاد بین المسلمین، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علامہ طاہر اشرفی نے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج ہندوستان کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے دنیا بھر میں بالخصوص مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف موثر آواز اٹھانے اور دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور ہیجان انگیز رویوں کی بیخ کنی اور نسل نو کی اسلامی اقدار کی طرف رہنمائی کے ضمن میں علماءاور مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے۔ وزیر خارجہ نے اسلامی تعلیمات کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے حوالہ سے علامہ طاہر اشرفی کی خدمات کو سراہا۔