وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید میجر احسان کے گھر آمد، اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

2

میانوالی، 18 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی میانوالی میں شمالی وزیرستان میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر احسان کی رہائش گاہ پہنچے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہید میجر احسان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔محسن نقوی نے شہید میجر احسان کے والد کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا جبکہ شہید کے بچوں کو دلاسہ دیا اور شفقت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید میجر احسان کا عزم اور جذبہ ہی قوم کی اصل قوت ہے۔ شہید میجر احسان سمیت ہمارے شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میجر احسان نے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کی اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہید میجر احسان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔