وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس،کم کارکردگی والے بجلی گھروں کو مرحلہ وار بند کرنے سے متعلق پاور ڈویژن کی تجویز کی منظوری

104

اسلام آباد،10 ستمبر (اے پی پی) :کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی ای ای) کا اجلاس جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی نے کم کارکردگی والے بجلی گھروں کو بند کرنے سے متعلق پاور ڈویژن کی تجویز پر غور کیا۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد غیر فعال پلانٹس کو مرحلہ وار بند کرنے کی تجویز کی منظوری دےدی۔ کمیٹی نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ان بجلی گھروں کی بندشوں کے لئے درست وقت پر کام کرے۔ کمیٹی نے پاور ڈویژن سے بھی کہا کہ وہ ان اداروں کو منصفانہ بنیادوں پر انسانی وسائل سے متعلق ایک تجویز لائے۔توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی نے تین آر ایل این جی پلانٹس کے پی پی اے اور جی ایس اے میں کم از کم 66 فیصد کی ادائیگی ختم کرنے کے لئے پاور ڈویژن کی تجویز پر بھی غور کیا۔ یہ تجویز سستی بجلی پیدا کرنے اور نسبتاً مہنگی بجلی پر انحصار کم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔کمیٹی نے پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ فنانس ڈویژن کو بھی مزید بات چیت کرنے کی ہدایت کی تاکہ بجلی اور گیس دونوں شعبے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی طلب اور رسد کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ اجلاس میں وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، پٹرولیم ندیم بابر سے متعلق ایس اے پی ایم اور مختلف ڈویژنوں کے سینئر عہدیدار شریک تھے۔