وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق سیّد فخر امام کی زیر صدارت پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کا اجلاس

124

اسلام آباد , 10 ستمبر (اے پی پی): پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) کا 88واں اجلاس وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق سیّد فخر امام کی زیر صدارت جمعرات کو ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کپاس ملک کے زرعی معاشی شعبے میں ایک اہم پیشرفت فراہم کر سکتی ہے، ہمیں بہتر پیداوار کیلئے 48000 ٹن تصدیق شدہ کپاس کے بیج کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فنانس ڈویژن نے وائٹ فلائی سبسڈی کے لئے 6 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں، صوبے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو یہ سبسڈی فراہم کریں گے۔ اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری اور سائنسی عہدوں پر تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ان پوسٹوں کے نتیجہ میں پی سی سی سی کی بہتری ہوگی۔کاٹن ریسرچ سٹیشن بہاولپور اور ساہیوال کے انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اگلے سال کا بجٹ منظور کیا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 62 سائنسدان کپاس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ ، تجارت ، زراعت کے محکموں پنجاب، سندھ، بلوچستان، اپٹما، پی سی جی اے، کے سی اے، کسانوں کے نمائندوں اور کاٹن کمشنر نے شرکت کی۔