عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں: رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ

275

پشین،10 ستمبر( اے پی پی): رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، نرسنگ کا شعبہ نہایت مقدس اور خدمت خلق کا سرچشمہ ہے خدمت خلق کرنے والے نہ صرف اپنی آخرت کو سنوارتے ہیں بلکہ ان کو دنیا میں بھی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، نرسز قوم کی عظیم بیٹیاں ہیں جو بیمار آفراد کی تیمارداری کرکے اپنا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال پشین میں نرسنگ کالج پشین افتتاح کے موقع پر بات  چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی پر عزم ہے انہوں نے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے، نرسز اور پرامیڈیکس ہسپتالوں کے انتظامی امور کو بہترطریقے سےچلانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی پشین کے ضلعی صدر عبدالباری کاکڑ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ایم ایس سید عبدالحنان آغا اور دیگر بھی موجود تھے۔ شاہینہ کاکڑ نے مزید کہاکہ فخرافغان باچا خان سے ہمیں علم دوستی ورثے میں ملی ہے اور عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور ورکرز روز اول سے ہی کوشش کررہے ہیں کہ پشتون قوم کو زیور تعلیم ہی سے آراستہ کیا جائے  انہوں نے کہاکہ جب تک نوجوان نسل تعلیم سے آراستہ نہیں ہوتی اس وقت تک وہ ملک صوبے اور علاقے کی ترقی میں کردار ادانہیں کر سکتے۔