و زیراعلیٰ بلوچستان  کی زیر صدارت بی بی او آئی ٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا  پہلا اجلاس  منعقد

129

کوئٹہ 30 ستمبر (اے پی پی )و زیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے سرمایہ کار دوست ماحول کے قیام اور ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جن سے سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں اور ترغیبات ایک چھت کے نیچے مل سکیں اور وہ اعتماد کے ساتھ یہاں سرمایہ کاری کرسکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی بی او آئی ٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر بی بی او آئی ٹی فرمان زرکون نے اجلاس کو سیل کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ ادارے کے سی ای او نے اجلاس کو سیل کے قیام کے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ سیل کے ذریعہ اصلاحات، قواعد وضوابط، ویب پورٹل کی تیاری سمیت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے اجلاس کو بلوچستان انویسٹمنٹ پورٹل، بلوچستان بزنس پورٹل اور اس کے ذریعہ آن لائن بزنس رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکو مت کا کام بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی ہے اس مقصد کے حصول کے لئے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو تمام اختیارا ت کے ساتھ فعال بنایا گیا ہے اگر حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کی سرگرمیوں میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرے گی تو سرمایہ کار بھی دلچسپی نہیں لیں گے، ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں حائل رکاوٹوں اور وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں فوری طور پر دور کیا جائے اورصوبے کے بارے میں سرمایہ کاری کی موزویت کے حوالے سے پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کیا جائے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی ۔