ریاض (سعودی عرب) 07 ستمبر(اے پی پی ): اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر اور سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ پاکستان، دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کی منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے مگر پاکستان پر دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اسکا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔کشمیر پاکستان کہ شہ رگ ہے اور پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا بھارتی فوج کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔
سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ یوم دفاع کا دن ہمیں جنگ ستمبر کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ہماری بہادر افواج نے بھرپور جذبے کے ساتھ ملک کے چپے چپے کا دفاع کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ملیا میٹ کر دیا، پاکستانی فوج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ماہر ہے اور ہروقت اپنی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لئے تیار رہتی ہے۔
ا س موقع پر موجود پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ ہمیں دفاع وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والوں پر فخر ہےجنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ملکی حفاظت کو یقینی بنایا۔
منعقدہ تقریب سے سعودی عرب میں پاکستان کی جانب سے تعینات ملٹری اتاشی بریگیڈیئر راجہ ہارون نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز سمیت دیگر سفارتی افسران اور اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ کے علاوہ کمیونٹی کے اہم افراد شریک تھے۔