پشاور، 3ستمبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے مارکیٹ میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالے نانبائیوں کے وارڈ صدور کو گرفتار کرلیا۔ نانبائیوں کے وارڈ صدور فلور ملز مالکان کی ملی بھگت سے آٹا بلیک میں فروخت کر رہے تھے اور رشوت کے عوض ان سے آٹا نہیں لیتے جس سے نانبائیوں کو سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی ترسیل نہیں ہو رہی ہے جس سے براہ راست عوام متاثر ہو رہے ہیں جس پر صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی اور محکمے کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا اور مذکورہ وارڈ صدور کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔
راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے کارروائی کرتے ہوئے فقیر آباد اور کریمپورہ وارڈ کے صدور کو گرفتار کر کے تھانہ فقیر آباد میں بند کردیا گ، جن کو قانونی کارروائی کے بعد جیل بھیجا جائیگا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے ایوب فلور مل کا لائسنس معطل کرنے کیلئے ڈائریکٹر محکمہ خوراک کو سفارشات بھی ارسال کردیں۔











