پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

178

لاہور، ستمبر 2(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی سیاسی و انتظامی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ دوبرس کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی ہے۔ کابینہ کے معزز ارکان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کے معزز ارکان نے فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ عوامی مفاد کو ہی مدنظر رکھا۔ دو سال گزر چکے ہیں، الحمداللہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں۔ہم نے محنت کی، کام کیا اور بہتری کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔

 انھوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے۔ تنقید برائے تنقید کا بھی سامنا رہا لیکن ہمارے عزم اور حوصلے میں کمی نہیں آئی۔ موجودہ حکومت کا یہ کریڈٹ ہے کہ اس عرصہ کے دوران کوئی بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ دوسال میں صرف کام، کام اور کام کیا ہے۔ شو بازی کی بجائے عملی اقدامات کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔  عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔ دو برس میں خوشحال اور ترقی یافتہ پنجاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انشاء اللہ آئندہ تین برس کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود آپ کی قیادت میں عوام کے لئے بہترین فیصلے کیے گئے۔ مخالفت کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی شاندار رہی۔ آپ کی سربراہی میں دن رات کام کیا اورآئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ گزشتہ 10برس کے دوران پنجاب میں ون مین شو تھا۔ مدت کے بعد آپ کی قیادت میں ایک ٹیم کے طورپر کام کیا جارہاہے۔ منتخب نمائندوں کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار تک رسائی حاصل ہے۔ تمام فیصلے مشاورت اورمشترکہ طورپر کیے جاتے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ آپ نے پسماندہ علاقوں کا احساس محرومی دورکیاہے۔ آپ کی قیادت میں صوبے کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آپ کی قیادت میں کورونا کے خلاف نمایاں کامیابی ملی ہے۔ پنجاب میں صورتحال دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ وزیر اعلی نے ہمیشہ صحت کو فوکس کیا ہے۔ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہر محکمے کی خود میٹنگ کی ہے۔ پنجاب کو گرین اینڈ کلین بنانے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تعاون حاصل ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مخالفین کی سازشوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے عثمان بزدار کو سرخرو کیاہے۔ عزت اورذلت کے فیصلے زمین پر نہیں،آسمان پر ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اوروزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو انسداد کورونا کیلئے دن رات کام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ پنجاب کے اندر ہر منصوبہ شفاف انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام آپ کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔آپ کی قیادت میں ہر چیلنج کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس میں حکومت کی دو سالہ شاندار کارکردگی پر اظہارتشکرکی قرارداداتفاق رائے سے منظور کی گئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اظہار تشکر کی قرارداد پیش کی۔ کابینہ کے تمام اراکین نے متفقہ طورپر قرارداد منظور کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت گزشتہ دو برس میں صوبائی سطح پر ہونے والی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے نئے دور پر تشکر کا اظہارکرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی عکاسی ہے۔ 2018ء میں شروع ہونے والے اس سفر نے پنجاب میں نئے نظام کی بنیاد ڈالی۔ پنجاب حکومت نے ان دو برس میں گورننس ماڈل کی جدت کیساتھ بحالی کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرائیں۔ اصلاحات سے حکومتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور اداروں کی جوابدہی ممکن ہوئی۔ قرارداد کی  کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے دوبرس میں ریکارڈ قانون سازی کی۔ ہسپتالوں، یونیورسٹیوں، کالجوں، بیراجوں، سپیشل اکنامک زونز اور سڑکوں سمیت متعدد میگا منصوبوں پر کام کیا۔ یہ تمام منصوبے دکھاوے کے نہیں بلکہ حقیقی طور پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ثابت ہورہے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ دو سال وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی پختہ ارادی کی مثال ثابت ہوئے ہیں۔ زنگ آلود نظام کو بدلنے میں اور عدل و انصاف کے فروغ میں حکومت کو بے حد چیلینجز درپیش تھے جن کا مقابلہ ثابت قدمی سے کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وعدہ پورا کردیا۔ قراداد میں کہا گیا کہ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے پسماندہ اضلاع سے ہونے والی زیادتی کے ازالے کا آغاز کیا ہے۔پنجاب کابینہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔قرارداد یہ کابینہ آئندہ 3 برس میں اس سے بھی زیادہ جوش، جذبے اور ولولہ انگیزی سے صوبے کو ماڈل صوبہ بنانے میں بھرپور کردار جاری رکھے گی۔