میرپور خاص،02 ستمبر (اے پی پی ): پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ دو روزہ دورے پر میرپورخاص پہنچ گئے،جہاں وہ کھپرو، سانگھڑ سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے،سندھ حکومت کے پاس وسائل موجود ہیں لیکن عوام کی مدد نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کیجانب سے اپنی پارٹی کے ذریعے من پسند افراد کو امداد پہنچائی جارہی ہے۔لاکھوں خاندان میرپورخاص، کھپرو، عمرکوٹ اور سانگھڑ کی سڑکوں پر بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ،سندھ کی عوام کی ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچے ہیں، بارش کے متاثرین کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت نے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کا بندوبست تک نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا دورہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں تک محدود تھا۔ سندھ حکومت فوری متاثرہ کے لئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا بھی گوارا نہیں کیا،متاثرین سیلاب کے لئے ہر ممکن مدد کریں گے۔











