ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی زیر صدارت ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

180

ملتان، 27ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی زیر صدارت ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا، جس میں بورڈ کے ممبر مسرور حیدر ایڈوکیٹ اور سی ای او عبدالطیف خان نے شرکت کی جبکہ ممبران حسین احمد فضل اور یاسر حسین بچہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور محکمہ خزانہ پنجاب  کے نمائندے شہریار ہاشم،محکمہ لوکل گورنمنٹ کے نمائندے، کمپنی منیجرز اور ڈپٹی منیجرز  بھی بورڈ کے  اجلاس میں موجود تھے،بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی مالی خود انحصاری کے لئے ریونیو جنریشن پلان کی منظوری دی جبکہ یہ ریونیو جنریشن پلان حتمی منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو بھیجا جائے گا۔کمپنی کی طرف سے ویسٹ انرجی پراجیکٹ بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،میڈیا میں اشتہار کے ذریعے دلچسپی لینے والی کمپنیوں کو انرجی پراجیکٹ شروع کرنے کی دعوت دی جائے گی۔

بورڈ کے اجلاس میں ہیومن ریسورس، پروکیورمنٹ اور آڈٹ کمیٹیوں کے قیام،کمپنی میں تمام خالی آسامیاں کو پُر  کرنے کی  بھی منظوری دے دی گئی ہے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خالی آسامیوں کی ریشنلا ئزیشن کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کے ٹینڈر کی منظوری اور مشینری کی خریدار کا اختیار پروکیورمنٹ کمیٹی کو حاصل ہو گا،کمپنی کے انٹرنل آڈٹ کے لئے تجربہ کار فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ ایک سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،کمپنی کے ہر شعبے کے نظام کو  شفاف بنانے کے لئےکمیٹیوں کے ممبران اپنا فعال کردار ادا کریں،کمپنی کے پرائیویٹ ممبرز انتہائی باصلاحیت اور تجربہ رکھتے ہیں،پرائیویٹ ممبرز اپنے شہر کی خدمت کے پیش نظر کمپنی کی بہتری کے لئے اپنا رول ادا کریں۔