اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر پیش رفت اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے آئندہ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر افسران تاجر نمائندوں کے تعاون سے جمعہ سے ملک بھر کے بازاروں اور دکانوں کی میپنگ کا آغاز کریں گے۔ میپنگ کے دوران دکانداروں کو آسان ٹیکس سکیم کے طریقہ کار اور اس کے فوائد سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ افسران تاجر نمائندوں کے ہمراہ یومیہ شیڈول کے مطابق بازاروں کا دورہ کریں اور دکانوں کی میپنگ کا عمل مؤثر انداز میں مکمل کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تاجروں کی نشاندہی پر ٹیکس ریٹرن میں ’’دیگر آمدن‘‘ کے کالم سے متعلق تکنیکی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دکانداروں کی سہولت اور مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان ٹیکس سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں دی گئی 15 روزہ توسیع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیم میں جرمانے بھی دکانداروں کی مشاورت اور رضامندی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈیڈ لائن کے بعد پہلے ماہ 10 ہزار، دوسرے ماہ 25 ہزار اور تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ مقرر ہے۔
اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ، کاشف چوہدری اور حبیب فخرالدین، ممبر سٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔











