گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی  ملاقات ، سیاسی ،حکومتی امورسمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی

115

لاہور،27 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے  ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی ،حکومتی امورسمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ا فواج پاکستان سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں،حکومتی ایجنڈہ ترقی اور خوشحالی ہے، سیاسی مخالفین انتشار چاہتے ہیں۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عمران خان بطور وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کر ینگے،اپوزیشن احتسابی عمل کو بریک لگوانا چاہتی ہے مگر ایسا نہیں ہوگا،شفاف اور بلاتفر یق احتساب ملک وقوم کے لیے لازم ہو چکا ہے۔انہوں نے  کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کا اپوزیشن کا منصوبہ ناکام ہوگا،قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانیوالوں کو قوم معاف نہیں کر یگی ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملکی دفاع کو یقینی بنانیوالی افواج پاکستان پر قوم کو فخر ہے،اقوام متحدہ میں عمران خان نے کشمیر یوں کا بھر پور مقدمہ لڑا ہے،فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشت گردی مسلسل بڑھ رہی ہے۔انہوں نے  کہا کہ دنیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر وفلسطین کو حل کر نا ہوگا۔

فواد احمد چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے کسی احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،عام انتخابات 2023میں ہی ہوں گے۔انہوں نے  کہا کہ  اپوزیشن پھر ناکام ہوگی،حکومت کمزو ر طبقات کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے ۔