وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا

260

لاہور،25 اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے موقع پر حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں-پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخ 6 دہائیاں پرانی ہے-عالمی منظرنامے میں کئی تبدیلیاں آئیں لیکن پاکستان اور چین کے تعلقات دن بدن مضبوط ہوتے گئے -انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندر سے زیادہ گہری، شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے.پاکستان اور چین کی دوستی کا کلائمیکس چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک کا منصوبہ ہے۔سی پیک سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب شروع ہورہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دونوں ملکوں میں باہمی دوستی کا رشتہ مزید گہرا اور مزید مضبوط ہوا ہے۔سی پیک کے تحت لاہور میں آج اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔اورنج لائن میٹروٹرین ماس ٹرانزٹ منصوبہ شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا-یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا محرک ثابت ہو گااور اس سے اربن ڈویلپمنٹ میں استحکام مزید بڑھے گا- انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک نئی سیاسی روایت قائم کی ہے -ماضی کی روایات کے برعکس کسی منصوبے کو سیاسی تعصب کا شکار نہیں ہونے دیا-وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے اس کی مثال ہیں – عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کرسابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115 ارب روپے کے ادھورے پراجیکٹس پر بھی کام کررہے ہیں -اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے کیلئے آپریشنل اینڈ مینٹیننس کی ٹینڈرنگ میں شفافیت یقینی بنائی گئی- ٹینڈرنگ کے عمل میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی اقتصادی صورتحال اور محدود وسائل کے باوجوداورنج لائن ٹرین کو چلانے کے لئے سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی بھی دے رہی ہے-اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے تاریخی موقع پر سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔جن کی قربانیوں اور شب و روز محنت سے آج سی پیک کے بہت سے منصوبے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ چین کی پاکستان دوست حکومت، تجارتی اداروں اور کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر ترقی کے سفر میں ہم قدم ہوں۔پنجاب میں ٹرانسپورٹ، لائیوسٹاک، زراعت، ہاؤسنگ سمیت دیگر سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ہم چین سے آنے والے دوستوں کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ تقریب پاک چین تعلقات میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔پہلی بار چین کی اربن ریل ٹرانزٹ کی پوری انڈسٹریل چین نے ڈیزائن، مینوفیکچرنگ، تعمیرات، آپریشن اور مینٹیننس کو بیرون ملک متعارف کرایا ہے۔اس منصوبے کی تکمیل کے لئے کاوشیں کرنے والے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس اور برادر ملک چین کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔