انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آئین پاکستان ہی بنیادی بیانیہ ہے؛شہریار آفریدی

78

کوئٹہ، 14 اکتوبر (اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی وکشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ،قرآن و سنت کی روشنی میں تشکیل پانے والا آئین پاکستان ہی بنیادی بیانیہ ہے، اس سے انتہا پسندی اور دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہم پاکستانی و پیغام پاکستان بی آر ایس پی کے زیر اہتمام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نظام کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ،دہشت گردی کے خلاف علما کا متفقہ بیانیہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم ملک سے دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے تابناک مستقبل کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیتے  ہوئے   کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء اور وفاق المدارس نے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے جو فتویٰ جاری کیا ہے وہ درست سمت میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے  کہا کہ بڑے مقصد کے حصول کے لیے ہمیں چھوٹی چھوٹی چیزیں بہتر کرنا ہوں گی،سب سے پہلے ہر شہری کو یہ طے کرنا ہوگا کہ اس کے قول و فعل سے دوسرے شہریوں کی حق تلفی ہو اور نہ ہی وہ کسی طور دل آزاری کا سبب بنیں گے۔ جب تک ہم ایک دوسرے کو نہیں سمجھ لیتے،نہ ہم اس ملک کی قدر کر پائیں گے اور نہ ہی ہماری زندگیوں میں بہتری آنا شروع ہو گئی۔