لاہور 8 اکتوبر(اے پی پی):وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جو انسان اپنی اسمبلی نشست نہ جیت سکا وہ اپوزیشن کی نمائندگی کس حیثیت سے کرے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات پر اپنے وڈیو پیغام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ پھر ٹھگوں نے عوام کو بے وقوف بنانے کے جتن کرنے شروع کر دیے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنایا جانا انتہائی حیران کن امر ہے، مولانا نے ہمیشہ اصول کے نام پر وصول کی سیاست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا نے آزادی مارچ میں اپوزیشن سے کروڑوں اینٹھنے کے عوض نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی راہ ہموار کی، اب دیکھیں مولانا اور میم لیگ گٹھ جوڑ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔نون اور شین لیگ کی غیر موجودگی میں میم لیگ اپنی پارٹی سیاست کا بیڑہ غرق کرنے میں بلکل آزاد ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا بیگم صفدر اعوان کے فیصلوں نے ہمیشہ ن لیگ کو ہی نقصان پہنچایا ہے، حیرت ہے اپوزیشن کو عوام کی مشکلات کا احساس اقتدار سے باہر بیٹھ کر ہو رہا ہے۔ الائیڈ پارٹیز فار کرپشن نے عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو آج آزادی مارچ اور پی ڈی ایم کی ڈرامے بازی نہ کرنی پڑتی۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر عوام کا اعتماد غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہی سہی غیر متحدہ اپوزیشن کی سازشیں موجودہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔











