وزیر اعظم عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں اور موثر حکمت عملی کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے: میاں اسلم اقبال

107

لاہور، 8 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے  کہا ہے کہ حکومت  نیک نیتی کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن اور امیدوں کا مرکز ہیں  اور ان کی دانشمندانہ پالیسیوں اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی یافتہ پاکستان کی منزل پانے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

ان خیالات کا  اظہار  صوبائی وزیر نے جمعرات کو  یہاں  اپنے کیمپ آفس نیو مز گ کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں  انہوں نے کیمپ آفس میں موجود لوگوں سے ملاقاتیں کیں، ان کی شکایات سنی اور  بعض مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی دیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی باشعور عوام مفاد پرستوں کے عزائم خاک میں ملا دے گی ، انتشار اور ناامیدی پھیلانے کی سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے، حکومت گرانے کی باتیں کرنے والوں کو ترقی کرتا ہوا پاکستان گوارا نہیں۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا 2023 کے انتخابات میں بھی عوام کی ترقی کے دشمنوں کو شکست ہو گی جبکہ  احتساب ہو کر رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا  کہ  سابق کرپٹ حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ پر امن، خود انحصار اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے۔