عارف ولا؛ استقبال ربیع الاول کے سلسلہ بزم ذکر حبیب کے زیر اہتمام جلوس نکالا گیا

355

عارف ولا،18 اکتوبر (اے پی پی ): استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں بزم ذکر حبیب کے زیر اہتمام محلہ مظفر آباد سے جماعت اہلسنت پنجاب کے صوبائی امیر پیر خلیل الرحمان بخاری کی زیر قیادت جلوس نکالا گیا، جلوس میں عاشقان رسول ﷺ نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے جن پر سرکار مدینہؐ کی آمد کی تحریریں درج تھیں، جلوس میں عاشقان رسول نے پیدل اور موٹرسائیکلوں کے زریعے شرکت کی۔

 جلوس میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہیں تھیں، عقیدت مندوں نے عاشقان رسول پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جلوس مختلف راستوں سے گزر کر کارخانہ بازار پہنچا جہاں پر  جماعت اہلسنت کے  ضلعی رہنماء ڈاکٹر علامہ سرفراز فریدی نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ نبی اکرم حضرت محمد عربی ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے باعث رحمت اور آپؐ کی حیات مبارکہ بہترین نمونہ ہے۔

 سرکار مدینہؐ کی آمد کے ماہ مقدس میں پوری دنیا میں مسلمان لاکھوں  جلوس نکالیں گے ،تمام مسلمانوں کے لئے محمد عربی ﷺ کی آمد کا مہینہ رحمتوں کی سوغات لے کر آیا ہے۔   انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہؐ کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

جلوس میں جماعت اہلسنت عارفوالا کے صدر صوفی محمد رشید ، بزم ذکر حبیب کے صدر چوہدری شاہد لطیف ، جنرل سیکرٹری رائے خادم حسین کھرل اور عاشقان رسول کی کثیر تعداد  موجود تھی ۔