بہاولنگر: پولیو سے محفوظ پاکستان ہماری منزل ہے: ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون

306

بہاولنگر،24 اکتوبر (اے پی پی ):    ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون نے کہا ہے کہ پولیو سے محفوظ پاکستان ہماری منزل ہے اور حکومت عوام کے تعاون سے انشااللہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔انہوں نے    کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کاوش کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ای او ہیلتھ آفس بہاول نگر کے ہال  میں پولیو آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ والدین کی سب سے قیمتی متاع اولاد ہوتی ہے اور اگر والدین کی لاپرواہی اور غفلت سے بچوں کو پولیو کی بیماری ہو جائے تو یہ عمر بھر کا روگ ، محتاجی اور معذوری بن جاتی ہے لہذا اپنے بچوں کو مفلوج زندگی سے بچائیں اور ویکسین لازمی پلوائیں۔، معاشرہ ، سول سوسائٹی اور والدین احساس ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ڈی سی  بہاولنگر نے کہا کہ دیگر  ممالک نے پولیو ختم کردیا ہے اور اب ہمیں اس نیشنل کاز کے لیے تمام توانائیاں صرف کرنی ہونگی۔

 سیمینار سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پرعزم ہے کہ پولیو کے خلاف محنت کو رائیگاں ہونے سے بچانے کے لیے کوئی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے اور پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو کوریج دی جائے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر وحید افسر باجوہ نے کہا کہ 26 اکتوبر سے  30اکتوبر کی پولیو مہم کو قومی جذبے سے  کامیاب بنایا جائے گا اور 26 اکتوبر سے  28اکتوبر کے دوران پولیو مہم جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی  29سے 30 اکتوبر تک   کی جائے گی۔ انہوں نے سیمینار سے خطاب میں بتایا کہ ضلع بھر میں   پانچ سال تک کی عمر کے  پانچ لاکھ اسی ہزار ایک سو بیس بچوں کو حفاظتی ویکسین دی جائے گی جس  کے لیے مجموعی طور پر1323ٹیمیں  فرائض سرانجام دیں گی اور ان میں 126فکس ،  اور1116موبائل اور 81ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ  تمام ٹیموں کوکورونا سے بچاو کے لیے فیس ماسک، سینی ٹائزرز مہیا کیے جائیں گے ۔

سیمینار کے بعد ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون کی قیادت میں پولیو آگاہی واک بھی کی گئی۔  قبل ازیں ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے ضلعی ہسپتال میں پچوں کو پولیو سے بچاو کی حفاظتی ویکسین پلوا کر مہم کا افتتاح کیا۔

سیمینار میں میڈیا پرسنز، ایم ایس ضلعی ہسپتال ،سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او اور محکمہ صحت کے افسران اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔