بی آر ٹی سروس کو بس کمپنی سفارش کے بعد 24 اکتوبر سے بحال کردیا جائے گا۔ ترجمان ٹرانس پشاور 

326

پشاور، 22اکتوبر(اے پی پی): بی آر ٹی بس سروس تعین کردہ تاریخ سے ایک دن قبل عوام کیلئے بحال کردی جائیگی اور اس مقصد کیلئے ٹرانس پشاور اور بس کمپنی کی ٹیم مکمل طور پر متحرک ہے۔

ترجمان ٹرانس پشاور کیمطابق عوام کو محفوظ اور بہترین سفری سہولت دینا ادارے کی اولین ترجیح ہے، اسلئے شہری 24 اکتوبر سے اس بہترین سفری سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کے تمام مسافروں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا ۔ مسافر بسوں میں خواتین، معذور اور معمر افراد کی مخصوص نشستوں پر نہ بیٹھیں۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ بی آر ٹی کی مرکزی راہداری کے ہر اسٹیشن پر ہر 2 سے 4 منٹ کے بعد بس پہنچے گی تاہم مسافر حضرات بسوں میں غیر ضروری رش پیدا کرنے سے گریز کریں اور اگلی بس کا انتظار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی سروس کی عارضی معطلی کے بعد بس کمپنی اور ٹرانس پشاور ماہرین کی جانب سے سروس کو جلد از جلد بحال کرنے کے حوالے سے دن رات کام کیا گیا اور تمام بسوں کی جامع تحقیقات، نئے آلات کی نصبی، لوڈ اور روڈ ٹیسٹینگ کی گئی۔