صوابی؛جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن ، 59 مشتبہ افراد گرفتار

254

صوابی ،25 اکتوبر(اے پی پی ):  ڈی پی او صوابی  کی ہدایات پر  سرکل ٹوپی پولیس  نے منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف  ڈی ایس پی سرکل  افتخار علی کی قیادت میں تھانہ ٹوپی، تھانہ IDS اور تھانہ اتلہ کے حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا، سرچ اپریشن میں ایلیٹ فورس، آر آر ایف، بی ڈی ایس، سی ٹی ڈی، سنیفر ڈاگ، لیڈی کنسٹبلز نے شرکت کی۔

دوران کارروائی 30 مشتبہ ٹھکانے اور مکانات چیک کرکے  جرائم پیشہ عناصر کے گھروں پر بذریعہ لیڈی کنسٹبلز چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں موت کے سوداگر منشیات فروش یاسر حسین سکنہ بارل ضلع سدصونی کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے 1 کلو گرام چرس برآمدکی گئی، ملزم کامران سکنہ کوٹھا کے قبضہ سے 300 گرام ہیروئن ، شاہ حامد سکنہ کلابٹ کے قبضہ سے 250 گرام ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

مجرم اشتہاری محمد ابراھیم سکنہ ملک آباد مطلوب بجرم 302/7ATA  تھانہ CTD مردان کو حسب ضابطہ گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر کاروائیوں میں ملزم یوسف حیات سکنہ ٹوپی کے قبضہ سے ایک رائفل 12 بور، ملزم ظفر علی سکنہ کوٹھا کے قبضہ سے ایک پستول 30 بور بمعہ 5 عدد کارتوس جبکہ مجرم اشتہاری محمد زاہد کے رہائشی مکان سے ایک پستول 30 بور بمعہ 3 عدد کارتوس برآمدکر کے ملزمان کے خلاف اسحلہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیےگئے۔

دوران سرچ آپریشن 5 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا جس کے خلاف بجرم216 CrPC کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔3 غیر قانونی طور پر رہایش پذیر ملزمان کو گرفتار کرکے انکے خلاف بجرم 100RRB ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس نے جدید سائنسی آلات کے ذریعے داخلی و خارجی راستوں سے آنے جانے والے تمام موٹر سائیکلوں،گاڑیوں اور مشکوک افرادکا ڈیٹا چیک کیا جس میں متعدد افراد کو زیر دفعہ 107/151 CrPC کےتحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ حراست میں لیے گئے مشکوک افراد کی ویریفیکشن کلیئر ہونے پر انہیں چھوڑ دیا گیا۔