عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے پیشنٹ سیفٹی کے پائلٹ پراجیکٹ کو کامیاب بنائیں گے: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

94

لاہوریکم اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں صوبائی پیشنٹ سیفٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ پیشنٹ سیفٹی کمیٹی کے ممبران نے صوبائی وزیر صحت کو مختلف تجاویز پیش کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نےکہا کہ  پیشنٹ سیفٹی کے ایس او پیز کو عملدرآمد کرانے کیلئے لاہور کے 2 جبکہ ملتان اور بہاولپور میں ایک ایک ہسپتال کا چناؤ کیاگیا ہے۔  چاروں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ کی پیشنٹ سیفٹی کے حوالہ سے باقاعدہ تربیت کروائی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ تربیت کا بنیادی مقصد مریضوں کے محفوظ علاج کو یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کے کلینیکل آڈٹ میں بھی پیشنٹ سیفٹی کو اہم جزو قرار دیاگیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے پیشنٹ سیفٹی کے پائلٹ پراجیکٹ کو کامیاب بنائیں گے۔  ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ  پیشنٹ سیفٹی کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دائرہ کار کو صوبائی سطح تک وسیع کریں گے۔